20 اگست 2012 - 19:30

طالبان دہشت گردوں نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں گزشتہ پانچ برس کے دوران پانچ سو اسکول تباہ کئے ہیں جس کی وجہ سے پانچ لاکھ سے زیادہ بچے تعلیم کے حصول سے محروم ہوگئے ہیں۔

ابنا: طالبان دہشت گردوں نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں گزشتہ پانچ برس کے دوران پانچ سو اسکول تباہ کئے ہیں جس کی وجہ سے پانچ لاکھ سے زیادہ بچے تعلیم کے حصول سے محروم ہوگئے ہیں۔ محکمہ تعلیم فاٹا کے ڈپٹی ڈائریکٹر ہاشم خان آفریدی کے مطابق قبائلی علاقوں میں طالبان دہشت گردوں کی کاروائیوں کے دوران اب تک چار سو پچاسی سکول تباہ ہو چکے ہیں۔ ان میں کالج، ہائیر سیکنڈری سکول؛ ہائی سکول، مڈل اور پرائمری سکول شامل ہیں۔

پاکستان کےمحکمہ تعلیم کے اعداد و شمار کے مطابق باجوڑ ایجنسی میں 95، مہمند ایجنسی 92، خیبرایجنسی 62، کُرم ایجنسی 65، اورکزئی 40، شمالی وزیرستان35، جنوبی وزیرستان 35 جبکہ ایف آر کے علاقوں میں 61 سکول بم دھماکوں یا آگ لگا کر تباہ کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان سکولوں کے تباہ ہونے کی وجہ سے تقریباً پانچ لاکھ بچوں کا تعلیمی سلسلہ بُری طرح متاثر ہوا ہے۔ لیکن بعض تباہ ہونے والے سکولوں کے لیے متبادل مقامات کا بندوبست کیاگیا ہے اور کچھ سکولوں کے لیے خیمے دیے گئے ہیں۔ جبکہ زیادہ تر سکول مقامی رہائشیوں کے گھروں اور حجروں میں منتقل کیےگئے ہیں۔ بعض جگہوں پر تناور درختوں کے نیچے تعلیمی سلسلہ جاری رکھا گیا ہے۔....... /169